قومی دفاع

پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں نہیں: آرمی چیف

راولپنڈی: (ملت+اے پی پی) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے بالخصوص افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال اور پاک امریکا تعلقات کی اہمیت اور انسداد دہشتگردی پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا الزام تراشیاں خطے میں امن و استحکام کو متاثر کر رہی ہیں۔ پاکستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں نہیں۔ آرمی چیف نے کہا پاک افغان سرحد پر دو طرفہ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کے تبادلے کا میکنزم ہونا چاہئے۔ افغانستان اور ریزولوٹ سپورٹ مشن کے ساتھ بارڈر سیکیورٹی مینجمنٹ پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان افغان حکومت کی قیادت میں مفاہمتی عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ جنرل جوزف نے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور خطے میں استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور افغان مفاہمتی عمل پر آرمی چیف کے موقف کی بھی حمایت کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان جنرل جوزف کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

  • Print